بنگلورو،6؍اپریل(ایس او نیوز) منڈیا لوک سبھا انتخابات میں کانگریس جے ڈی ایس امیدوار کو کامیاب بنانے کے مقصد سے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے بنگلور میں پینے کے لئے جمع کیا گیا پانی منڈیا کی طرف بہانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
بتایاجاتاہے کہ وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی پر مختلف حلقوں سے الزامات لگائے جارہے ہیں کہ کسی بھی حال میں منڈیا حلقے کی سیٹ پر جے ڈی ایس کاقبضہ برقرار رکھنے کے لئے وہ اس طرح کے فیصلے لے رہے ہیں۔ شدید گرمیوں کے دوران شہر بنگلور میں جہاں پانی کی قلت کا مسئلہ ابھی سے سر اٹھانے لگا ہے اس دوران بنگلور میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے کاویری طاس میں جمع پانی بنگلور کے لئے رکھنے کی بجائے وزیراعلیٰ کمار سوامی کا یہ فیصلہ کہ اس پانی کو منڈیا میں کاشتکاری کے لئے بہادیا جائے۔ مختلف حلقوں سے تنقید کا نشانہ بن رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ منڈیا کی طرف پانی بہادئے جانے کی وجہ سے شہریان بنگلور کو اگر پینے کے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑا تو شہر کے حالات بہت ابتر ہوجائیں گے۔
وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے منڈیا کی طرف پانی بہانے کا فیصلہ کیا ہے منڈیا کی سطح پر اپوزیشن امیدوار سما لتا بھی اس کی تنقید کر نہیں پائیں اور انہوں نے کہا کہ انتخابی فائدے کے لئے کمار سوامی نے ایسا کیا ہے۔تاہم منڈیا کے عوام کو پانی فراہم کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کے اقدام کی انہوں نے ستائش کی اور کہاکہ ریاست میں کسان مقدم ہے ، اگر انہیں پانی ملتا ہے تو اپنی فصل اگا سکیں گے۔